ووجٹیک: دوسری جنگ عظیم میں پولینڈ کی فوج کا حصہ بننے والا منفرد ریچھ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

دنیا کی تاریخ میں جنگوں کے دوران انسانوں کے ساتھ جانوروں نے بھی غیر معمولی کردار ادا کیے ہیں، لیکن دوسری جنگ عظیم میں پولینڈ کی فوج کا حصہ بننے والے ایک ریچھ کی کہانی آج بھی لوگوں کو حیران کرتی ہے۔ ووجٹیک نامی اس بھورے ریچھ کو نہ صرف فوجیوں نے پالا بلکہ اسے باقاعدہ فوجی کا درجہ، شناختی نمبر اور تنخواہ بھی دی گئی۔ اس نے جنگ کے دوران گولہ بارود ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے میں بھی مدد کی۔

latest urdu news

ایران میں ملا، پولینڈ کے فوجیوں نے گود لے لیا

ووجٹیک شامی نسل کا بھورا ریچھ تھا، جسے پولینڈ کے فوجیوں نے 1943 میں ایران میں دریافت کیا۔ اس وقت ایک چرواہا اسے بوری میں ڈال کر لے جا رہا تھا۔ ریچھ کے بچے کی ماں کو شکاریوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا، جس کے بعد وہ بے سہارا رہ گیا تھا۔

پولینڈ کے فوجیوں نے کچھ اشیا کے بدلے اس ریچھ کے بچے کو اپنے ساتھ لے لیا اور اس کی دیکھ بھال شروع کردی۔ ابتدا میں اسے دودھ پلایا جاتا تھا، بعد ازاں شہد، پھل اور دیگر غذائیں بھی اس کی خوراک کا حصہ بن گئیں۔

فوجیوں کے ساتھ رہتے ہوئے ووجٹیک جلد ہی ان سے مانوس ہوگیا اور فوجی یونٹ کی زندگی کا اہم حصہ بن گیا۔ پولش زبان میں ووجٹیک کے نام کا مطلب خوش مزاج جنگجو بتایا جاتا ہے۔

فوجیوں کے ساتھ باکسنگ اور مارچ کی تربیت

ووجٹیک کی دیکھ بھال کے لیے ایک فوجی کو خصوصی طور پر مقرر کیا گیا تھا، جس نے اسے فوجیوں کی طرح مارچ کرنے اور سلام کرنے کی تربیت دی۔

یہ ریچھ فوجیوں کے ساتھ دوڑنے، کشتی لڑنے اور باکسنگ جیسی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتا تھا۔ فوجی اس کے ساتھ خاص انسیت رکھتے تھے اور اس کی حفاظت کا خیال رکھتے تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ووجٹیک کو سگریٹ اور الکحل میں بھی دلچسپی تھی، جبکہ اس کی شرارتی اور مزاحیہ حرکتیں فوجیوں کے لیے تفریح کا ذریعہ بنتی تھیں۔

فوج میں شامل کرنے کے لیے باقاعدہ سپاہی بنا دیا گیا

1944 میں جب پولینڈ کا فوجی دستہ اتحادی افواج کے ساتھ جنگی کارروائیوں کے لیے اٹلی روانہ ہونے لگا تو ایک مشکل پیش آگئی۔ فوجی ضابطوں کے تحت پالتو جانوروں کو دستے کے ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں تھی۔

اس مسئلے کا حل نکالنے کے لیے فوجیوں نے ووجٹیک کو باقاعدہ فوجی کے طور پر رجسٹر کروا دیا۔ اس طرح اسے فوجی شناختی نمبر اور سپاہی کا عہدہ مل گیا اور وہ قانونی طور پر فوجی دستے کا حصہ بن گیا۔

اس کے پاس فوجی شناختی دستاویزات اور رینک موجود تھا، جبکہ اسے تنخواہ بھی دی جاتی تھی۔ یوں ایک ریچھ نے انسانی فوج میں باقاعدہ سپاہی کی حیثیت حاصل کرلی۔

اسرائیل ایران تنازعہ، عالمی طاقتوں کا رد عمل دنیا تیسری جنگِ عظیم کے دہانے پر

دوسری جنگ عظیم میں گولہ بارود پہنچانے میں مدد کی

ووجٹیک نے محض فوجی دستے کے ساتھ سفر ہی نہیں کیا بلکہ جنگ کے دوران عملی کردار بھی ادا کیا۔

مئی 1944 میں اٹلی کی لڑائی کے دوران اس نے پولینڈ کے فوجیوں کے لیے گولہ بارود اور توپوں کے گولے جنگی پوزیشنوں تک پہنچانے میں مدد کی۔ اس غیر معمولی کردار کے باعث وہ فوجیوں میں مزید مقبول ہوگیا۔

اس کی اسی خدمات کی یاد میں پولینڈ کی فوجی یونٹ نے ایک ریچھ کو توپ کا گولہ اٹھائے ہوئے اپنے نشان کے طور پر بھی استعمال کیا۔

جنگ کے بعد اسکاٹ لینڈ کے چڑیا گھر منتقل کردیا گیا

دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کے بعد ووجٹیک کو ترقی دے کر کارپورل کا عہدہ دیا گیا۔ 1946 میں اسے اپنے فوجی دستے کے ساتھ اسکاٹ لینڈ منتقل کردیا گیا، جہاں اسے ایک فوجی کیمپ میں رکھا گیا۔

وہاں اس کے لیے خوراک کا مناسب انتظام کیا گیا اور کھیلنے کے لیے سوئمنگ پول بھی موجود تھا۔

بعد ازاں جب پولینڈ کے فوجیوں کی وطن واپسی کا فیصلہ ہوا تو ووجٹیک کو پولینڈ واپس نہ لے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس وقت پولینڈ میں کمیونسٹ حکومت قائم تھی اور فوجیوں کو خدشہ تھا کہ بچپن سے انسانوں کے ساتھ رہنے والا ریچھ جنگل میں آزاد زندگی گزارنے کے قابل نہیں ہوگا۔

چنانچہ 1947 میں اسے اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرا کے چڑیا گھر منتقل کردیا گیا۔

21 سال کی عمر میں انتقال، یادگاریں آج بھی موجود

ایڈنبرا کے چڑیا گھر میں ووجٹیک بہت مقبول ہوگیا۔ پولینڈ کے سابق فوجی بھی وقتاً فوقتاً اس سے ملاقات کے لیے آتے تھے۔

یہ منفرد ریچھ 1963 میں 21 سال کی عمر میں انتقال کرگیا، تاہم اس کی کہانی وقت کے ساتھ تاریخ کا حصہ بن گئی۔

ووجٹیک کی یاد میں پولینڈ، اسکاٹ لینڈ اور دنیا کے دیگر مقامات پر مجسمے نصب کیے گئے ہیں۔ اس کی زندگی آج بھی دوسری جنگ عظیم کے ان غیر معمولی واقعات میں شمار ہوتی ہے جن میں ایک جانور نے فوجی دستے کے ساتھ رہتے ہوئے جنگ میں عملی کردار ادا کیا۔

ماخذ: جیو نیوز، تاریخی معلومات اور دی پولش انسٹی ٹیوٹ اینڈ سکورسکی میوزیم

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں