حکومتی نااہلی کے باعث ملک میں گندم کا بڑا بحران جنم لے رہا ہے، آٹا 200 روپے فی کلو تک پہنچنے کا خدشہ: مفتاح اسماعیل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی: سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے خبردار کیا ہے کہ حکومتی پالیسیوں اور بروقت فیصلے نہ کرنے کے باعث ملک میں گندم کا بڑا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں گندم کی قیمت 157 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں آٹے کی قیمت 200 روپے فی کلو یا اس سے بھی بڑھ سکتی ہے۔

latest urdu news

اپنے بیان میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ رواں سال اپریل اور مئی میں کسانوں نے یہی گندم 65 روپے فی کلو سے بھی کم قیمت پر فروخت کی تھی، جبکہ بیرون ملک سے درآمد کی جانے والی گندم کی کراچی پہنچنے تک لاگت تقریباً 95 روپے فی کلو بنتی ہے۔

بروقت درآمد نہ ہونے سے قلت کا خدشہ

مفتاح اسماعیل کے مطابق حکومت نے نہ بروقت گندم درآمد کی اور نہ ہی نجی شعبے کو اس کی درآمد کی اجازت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت درآمد اور برآمد کا عمل ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے ذریعے کرنے کو ترجیح دیتی ہے، جس کی وجوہات واضح نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کیے جانے کے باوجود ملک میں قلت برقرار ہے اور قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

سابق وزیر خزانہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر عوامی احتجاج کے بعد حکومت نے مزید گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا تو اس کی پاکستان آمد فروری یا مارچ تک ہوسکتی ہے۔

بلوچستان میں گندم کا بحران سنگین، کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3330 روپے تک پہنچ گیا

تاخیر سے درآمد کسانوں کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہے

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اگر درآمدی گندم مارچ یا اپریل میں سندھ اور پنجاب پہنچتی ہے تو مقامی منڈیوں میں قیمتیں گرنے کا امکان ہے، جس سے کسانوں کو نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ اگر گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کرنا ہے تو اس کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ بحران کو مزید بڑھنے سے روکا جاسکے۔

چینی کی برآمد اور عوام پر مہنگائی کا بوجھ

سابق وفاقی وزیر خزانہ نے حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شوگر ملز مالکان کے مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے انہیں چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی، جبکہ حکومتی نااہلی اور ذاتی مفادات پر مبنی فیصلوں کا بوجھ عام صارفین برداشت کر رہے ہیں۔

مفتاح اسماعیل کے مطابق موجودہ صورتحال میں ریفائنریز، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اور شوگر ملز منافع کما رہی ہیں، جبکہ عوام مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے متاثر ہورہے ہیں۔

ماخذ: جیو نیوز

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں