انتخابی اصلاحات کمیٹی میں پی ٹی آئی کو برابر نمائندگی دینے سے حکومت کا انکار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد: حکومت نے انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو حکومتی ارکان کے برابر نمائندگی دینے کا مطالبہ مسترد کردیا ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کمیٹی میں نمائندگی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں جماعتوں کی نشستوں کے تناسب سے دی جائے گی۔

latest urdu news

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر کو حکومتی مؤقف سے آگاہ کردیا ہے۔

حکومت کا مؤقف کیا ہے؟

حکومتی مؤقف کے مطابق پارلیمانی کمیٹیوں میں حکومت اور اپوزیشن کو یکساں نمائندگی دینے کی کوئی سابقہ مثال موجود نہیں۔ طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ انہوں نے انتخابی اصلاحات کے لیے ماضی میں قائم کی گئی تمام پارلیمانی کمیٹیوں کا ریکارڈ دیکھا ہے اور موجودہ حکومتی فارمولا سابقہ پارلیمانی روایات کے مطابق ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ پی ٹی آئی کو انتخابی اصلاحات کمیٹی کے لیے قومی اسمبلی سے 5 اور سینیٹ سے 2 ارکان کے نام جلد فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔

حکومت کی پی ٹی آئی کو انتخابی اصلاحات پارلیمانی کمیٹی میں شمولیت کی دعوت

طارق فضل چوہدری نے پی ٹی آئی کے مطالبے کو مسترد کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کی تشکیل سے متعلق حکومتی فارمولے پر پارٹی کا اعتراض قابل قبول نہیں۔

پی ٹی آئی کا ردعمل

دوسری جانب عامر ڈوگر نے حکومتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے سے پارٹی قیادت کو آگاہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کے حوالے سے حتمی فیصلہ پارلیمانی پارٹی اور اپوزیشن لیڈرز سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

ماخذ: جیو نیوز کی رپورٹ

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں