آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے حوالے سے جاری نئی بحث کے دوران ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز کی حمایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر انہیں قیادت سے ہٹایا گیا تو وہ بھی قومی ٹیسٹ ٹیم میں اپنے مستقبل پر غور کریں گے۔ ہیزل ووڈ نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کے منصوبے سے پوری ٹیم کے آگاہ ہونے کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس معاملے کا کوئی علم نہیں تھا۔
بال ٹیمپرنگ منصوبے سے لاعلمی کا اظہار
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوش ہیزل ووڈ نے 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پیش آنے والے بال ٹیمپرنگ واقعے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فرض کر لینا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی اس منصوبے سے واقف تھے اور حقیقت میں سب کو اس کا علم ہونا دو مختلف باتیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں بال ٹیمپرنگ کے منصوبے کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا اور پوری ٹیم کو اس معاملے سے آگاہ قرار دینا درست نہیں۔
ہیزل ووڈ نے واضح کیا کہ کسی واقعے کے بعد تمام کھلاڑیوں کو اس میں شریک یا باخبر سمجھ لینا درست طرز عمل نہیں۔
پیٹ کمنز کی قیادت پر مکمل اعتماد
آسٹریلوی فاسٹ بولر نے گزشتہ چند روز سے پیٹ کمنز پر ہونے والی تنقید کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بطور کھلاڑی اور کپتان ان کی خدمات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
ان کے مطابق پیٹ کمنز نے آسٹریلوی ٹیم کو ماضی کے مشکل ترین کرکٹ تنازعات کے بعد دوبارہ ایک مضبوط مقام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ہیزل ووڈ کا کہنا تھا کہ کمنز ایک بہترین قائد ہیں اور ٹیم کا ہر کھلاڑی ان کے بارے میں یہی رائے رکھتا ہے۔ ان کی قیادت میں ٹیم نے ایسا ماحول قائم کیا ہے جہاں مستقبل میں ماضی جیسے تنازعات کے دوبارہ جنم لینے کا امکان کم ہے۔
آسٹریلیا کے فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر
کپتانی سے ہٹانے پر ٹیم چھوڑنے کا عندیہ
جوش ہیزل ووڈ سے جب پوچھا گیا کہ اگر پیٹ کمنز کو ٹیسٹ کپتانی سے ہٹا دیا گیا تو ان کا ردعمل کیا ہوگا تو انہوں نے کہا کہ ایسی صورت میں وہ بھی قومی ٹیسٹ ٹیم میں اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہوں گے۔
ان کے اس بیان کو پیٹ کمنز کے ساتھ مضبوط یکجہتی اور ان کی قیادت پر اعتماد کے اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
2018 کا سینڈ پیپر گیٹ اسکینڈل دوبارہ زیر بحث
واضح رہے کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان مارچ 2018 میں کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جسے کرکٹ کی تاریخ میں سینڈ پیپر گیٹ اسکینڈل کے نام سے جانا جاتا ہے۔
اس واقعے میں کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی حالت تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا، جبکہ اس وقت کے کپتان اسٹیون اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کو بھی اس معاملے میں ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔ تینوں کھلاڑیوں کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
حالیہ دنوں میں سابق آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ کی سوانح عمری اور کیمرون بینکرافٹ کے بیانات کے بعد یہ تنازع ایک بار پھر موضوع بحث بن گیا ہے۔ ڈیوڈ وارنر نے بھی عثمان خواجہ کے بیان کی مکمل تائید کی ہے، جبکہ پیٹ کمنز ان سے منسوب الزامات کو مضحکہ خیز قرار دے کر مسترد کر چکے ہیں۔
ماخذ: جیو نیوز کی رپورٹ، غیر ملکی میڈیا
