2035 تک مسلمان دنیا کا سب سے بڑا مذہبی گروہ بن سکتے ہیں: پیو ریسرچ سینٹر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

امریکی تحقیقی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کی نئی تحقیق کے مطابق مسلمان 2035 تک عیسائیوں کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا سب سے بڑا مذہبی گروہ بن سکتے ہیں۔ رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ اس وقت تک دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 2 ارب 57 کروڑ جبکہ عیسائیوں کی آبادی 2 ارب 52 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔

latest urdu news

پیو ریسرچ سینٹر کی جانب سے 2020 سے 2070 تک دنیا کے بڑے مذاہب کی آبادی سے متعلق جاری کردہ تخمینوں کے مطابق مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کی رفتار عیسائیوں سمیت دیگر بڑے مذہبی گروہوں کے مقابلے میں زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کی وجوہات

رپورٹ کے مطابق مسلمانوں کی آبادی میں تیز رفتار اضافے کی بڑی وجوہات نسبتاً زیادہ شرح پیدائش اور نوجوان آبادی ہیں۔

پیو ریسرچ سینٹر کے تخمینوں کے مطابق 2020 سے 2025 کے دوران مسلمان خواتین میں شرح پیدائش اوسطاً 3.1 بچے فی خاتون رہی، جبکہ عیسائی خواتین میں یہ شرح 2.5 بچے تھی۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دونوں مذاہب کی آبادی میں اضافہ متوقع ہے، تاہم مسلمانوں کی آبادی بڑھنے کی رفتار زیادہ ہونے کے باعث 2035 میں وہ دنیا کا سب سے بڑا مذہبی گروہ بن سکتے ہیں۔

پاکستان دنیا کی سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک بن سکتا ہے

پیو ریسرچ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق پاکستان مستقبل میں انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک بن سکتا ہے۔

تخمینے کے مطابق پاکستان میں مسلمانوں کی آبادی 2020 میں تقریباً 22 کروڑ 70 لاکھ تھی، جو 2070 تک بڑھ کر تقریباً 46 کروڑ 10 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔

اس طرح پاکستان مسلم آبادی کے لحاظ سے دنیا میں پہلے نمبر پر آسکتا ہے۔

کانگو دنیا کی سب سے بڑی عیسائی آبادی والا ملک بننے کے قریب

رپورٹ میں عیسائی آبادی کی جغرافیائی تقسیم میں بھی بڑی تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق جمہوریہ کانگو 2070 تک امریکا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی سب سے بڑی عیسائی آبادی والا ملک بن سکتا ہے۔

تخمینوں کے مطابق کانگو میں عیسائیوں کی تعداد 2020 کے تقریباً 9 کروڑ 20 لاکھ سے بڑھ کر 2070 تک 29 کروڑ 90 لاکھ ہوسکتی ہے۔

ادارے نے واضح کیا ہے کہ یہ اعداد و شمار آبادی، شرح پیدائش، اموات، نقل مکانی اور مذہب کی تبدیلی سے متعلق موجودہ رجحانات کی بنیاد پر پیش گوئیوں کا نتیجہ ہیں۔ مستقبل میں حالات اور رجحانات تبدیل ہونے کی صورت میں یہ تخمینے بھی مختلف ہوسکتے ہیں۔

ماخذ: پیو ریسرچ سینٹر کی رپورٹ، جیو نیوز اردو

اصل تحقیق: Pew Research Center کی رپورٹ

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں