نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے مظاہرین کے خلاف مبینہ طور پر غیر ضروری طاقت استعمال کرنے پر تنقید کا سامنا کرنے والے پولیس یونٹ اسٹریٹجک رسپانس گروپ (ایس آر جی) کو ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اس یونٹ کی جگہ ایک نیا غیر مسلح سویلین ادارہ قائم کیا جائے گا، جس کا بنیادی مقصد عوامی مظاہروں کے دوران بات چیت کے ذریعے کشیدگی کم کرنا اور حالات کو قابو میں رکھنا ہوگا۔
میئر ظہران ممدانی کے مطابق نئے ادارے کے اہلکاروں کو نہ تو ہتھیار رکھنے کی اجازت ہوگی اور نہ ہی انہیں کسی شخص کو گرفتار کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد بڑے عوامی اجتماعات اور احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کے لیے طاقت کے بجائے مذاکرات اور افہام و تفہیم کو ترجیح دینا ہے۔
اسٹریٹجک رسپانس گروپ کیوں ختم کیا جا رہا ہے؟
نیویارک پولیس کا اسٹریٹجک رسپانس گروپ 2020 میں پولیس تشدد کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے دوران شدید تنقید کی زد میں آیا تھا۔
اس یونٹ پر الزام تھا کہ اس کے اہلکاروں نے مظاہرین، صحافیوں اور قانونی مبصرین کے خلاف غیر ضروری طاقت استعمال کی اور احتجاج کے دوران بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کیں۔
ان واقعات کے بعد شہری حقوق کی تنظیموں اور مختلف حلقوں کی جانب سے یونٹ کے طریقہ کار اور مظاہرین سے نمٹنے کے انداز پر سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔
500 پولیس اہلکاروں کو دیگر شعبوں میں تعینات کیا جائے گا
نیویارک پولیس کمشنر جیسیکا ٹش کے مطابق اسٹریٹجک رسپانس گروپ کے تقریباً 500 اہلکاروں کو آئندہ موسم بہار سے پہلے پولیس کے دیگر شعبوں میں منتقل کردیا جائے گا۔
اس طرح یونٹ کو ختم کرنے کے فیصلے کے تحت موجودہ اہلکاروں کو پولیس کے دوسرے شعبوں میں ذمہ داریاں سونپی جائیں گی، جبکہ عوامی اجتماعات سے نمٹنے کے لیے نیا سویلین نظام متعارف کرایا جائے گا۔
شہری حقوق کی تنظیموں اور پولیس یونینز کا ردعمل
میئر کے اس فیصلے کا شہری حقوق کی تنظیموں نے خیرمقدم کیا ہے، تاہم ان تنظیموں نے نئے ادارے کے کام کی مؤثر نگرانی اور جواب دہی یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔
دوسری جانب پولیس یونینز نے اس اقدام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پولیس کے موجودہ یونٹ کو ختم کرنے سے اہلکاروں اور عام شہریوں کی سلامتی متاثر ہوسکتی ہے۔
نیویارک انتظامیہ کا یہ فیصلہ شہر میں احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کے طریقہ کار میں ایک اہم تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے، جس کے تحت طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کو ترجیح دینے کی کوشش کی جائے گی۔
ماخذ: جیو نیوز
