پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھ کر اپنی صحت، جیل میں ملاقاتوں پر پابندیوں اور علاج کے معاملے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے انہیں برین ہیمرج اور دل کے دورے کے خطرے سے آگاہ کیا ہے، جبکہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود انہیں اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔
عمران خان کا خط ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے متعلقہ چیف جسٹس صاحبان تک پہنچایا گیا۔ سلمان صفدر کے مطابق یہ خط بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر تحریر کیا گیا ہے۔
بلڈ پریشر 193 تک پہنچنے کا دعویٰ
خط میں عمران خان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ڈاکٹروں نے انہیں برین ہیمرج اور دل کے دورے کے ممکنہ خطرے سے آگاہ کیا ہے۔ ان کے مطابق ان کا بلڈ پریشر 193 تک پہنچ چکا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے خط میں اپنی صحت کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی طبی حالت کے پیش نظر مناسب علاج اور اسپتال منتقلی ضروری ہے۔
انہوں نے یہ بھی شکایت کی کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود اسپتال منتقلی کے معاملے پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
عمران خان کا پمز میں طبی معائنہ، جسمانی حالت تسلی بخش قرار
ایک سال میں وکلا سے صرف 4 ملاقاتوں کی اجازت
عمران خان نے خط میں جیل میں ملاقاتوں پر عائد پابندیوں کا معاملہ بھی اٹھایا ہے۔
ان کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران انہیں وکلا سے ملاقات کے لیے صرف چار مرتبہ اجازت دی گئی، جبکہ جیل حکام ان کے اہلخانہ سے ہفتہ وار ملاقاتیں بھی مسلسل منسوخ کر رہے ہیں۔
خط میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ تنہائی اور انسانی رابطے کی کمی نے ان کی ذہنی صحت کو متاثر کیا ہے۔
بشریٰ بی بی کی قید تنہائی کا بھی ذکر
بانی پی ٹی آئی نے اپنے خط میں اہلیہ بشریٰ بی بی کی قید کا معاملہ بھی اٹھایا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ان کی اہلیہ کو بھی قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، جس پر انہوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
Open Letter of Mr Imran Khan for kind consideration of Hon Chief Justice’s of Pakistan. Humanitarian Plea for Medical Treatment & Shift to Hospital – Voice From Behind the Prison Walls of Adyala. https://t.co/bIqBxqGuX9
— Barrister Salman Safdar (@BrSalmanSafdar) November 16, 2026
عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی اپیل
عمران خان نے چیف جسٹس صاحبان سے اپیل کی ہے کہ عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ان کی طبی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسپتال منتقلی کے معاملے پر کارروائی کی جائے۔
خط میں ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ زندہ رہے تو اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔
عمران خان کی جانب سے یہ خط ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ان کی صحت، جیل میں سہولیات اور اہلخانہ و وکلا سے ملاقاتوں کے معاملے پر سیاسی اور قانونی حلقوں میں بحث جاری ہے۔
ماخذ: جیو نیوز
