بنگلادیش نے شیخ حسینہ واجد کی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست مسترد کر دی، اہم بیان سامنے آ گیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بنگلادیشی حکومت نے بھارت میں مقیم سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو نیا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ بنگلادیش کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے کہا ہے کہ ان کا ملک کسی دہشت گرد کو پاسپورٹ فراہم نہیں کرتا۔

latest urdu news

بنگلادیشی وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ حسینہ واجد مفرور مجرم ہیں اور بنگلادیش انہیں پاسپورٹ جاری نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلادیش اور بھارت کے درمیان حوالگی کا معاہدہ موجود ہے اور ڈھاکا چاہتا ہے کہ نئی دہلی سابق وزیراعظم کو بنگلادیش کے حوالے کرے۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں سوال کیا کہ کیا بنگلادیش کو شیخ حسینہ کے ساتھ ایک عام مسافر جیسا برتاؤ کرنا چاہیے اور انہیں کہنا چاہیے کہ وہ اپنے سسرالی گھر تشریف لے آئیں؟

شیخ حسینہ نے پاسپورٹ کے لیے درخواست کیوں دی؟

واضح رہے کہ بھارت میں خود ساختہ جلاوطنی اختیار کرنے والی سابق بنگلادیشی وزیراعظم شیخ حسینہ نے نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے حصول کے لیے درخواست دی تھی۔ ان کا مقصد وطن واپس آنا بتایا گیا تھا۔

شیخ حسینہ نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا تھا کہ وہ بنگلادیش واپس آ کر عدالت کے سامنے پیش ہونے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ ان کے معاونین کے مطابق مختلف دفتری اور قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد وطن واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

مفرور شیخ حسینہ واجد نے بنگلادیش کے انتخابات کو ڈرامہ قرار دے دیا

شیخ حسینہ کو سزائے موت کیوں سنائی گئی؟

شیخ حسینہ واجد کو گزشتہ سال نومبر میں بنگلادیش کی جنگی جرائم کی عدالت نے ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے طلبہ کی قیادت میں ہونے والی بغاوت کے خلاف مہلک کریک ڈاؤن کا حکم دیا تھا۔

تاہم شیخ حسینہ جلاوطنی کے دوران اپنے خلاف عائد تمام الزامات کی تردید کرتی رہی ہیں۔ ان کی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست مسترد ہونے کے بعد وطن واپسی سے متعلق قانونی اور سفارتی معاملات مزید اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں