چین میں ایک ریسٹورنٹ کی مالکہ نے اپنے محنتی اور بہترین کارکردگی دکھانے والے ملازمین کو مہنگی گاڑیاں تحفے میں دے کر سب کو حیران کردیا۔ مالکہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ملازمین کی محنت کا اعتراف اور انہیں سخت موسمی حالات میں سفر کی مشکلات سے بچانے کیلئے کیا گیا۔
ملازمین کو ہزاروں ڈالر مالیت کی گاڑیاں تحفے میں مل گئیں
یہ منفرد واقعہ چین کے صوبہ ہینان کے شہر جیاوزو (Jiaozuo) میں پیش آیا، جہاں ما یانلی نامی خاتون ایک ریسٹورنٹ چین چلاتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ما یانلی نے اپنی کمپنی کے لیے کام کرنے والے متعدد بہترین کارکردگی دکھانے والے ملازمین کو نئی گاڑیاں تحفے میں دیں۔ ان گاڑیوں میں سے ایک کی مالیت تقریباً 45 ہزار امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔
یہ تحفہ صرف ملازمین کی حوصلہ افزائی تک محدود نہیں تھا بلکہ اس کے پیچھے ایک انسانی جذبہ بھی کارفرما تھا۔ ما یانلی چاہتی تھیں کہ ان کے ملازمین کو روزانہ کام پر آتے اور واپس جاتے ہوئے شدید سردی اور خراب موسم کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
شدید سردی میں موٹر سائیکلوں پر سفر کرتے تھے
ما یانلی کے مطابق انہیں ملازمین کو گاڑیاں دینے کا خیال گزشتہ سال موسم سرما میں آیا۔
اس دوران ریسٹورنٹ میں کام کرنے والے متعدد افراد علی الصبح الیکٹرک موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر کام پر پہنچتے تھے۔ شدید سردی کے باعث ان کے چہرے سرخ ہوجاتے، کان جامنی پڑ جاتے جبکہ ہاتھ بھی سردی سے اکڑ جاتے تھے۔
ملازمین کی یہ صورتحال دیکھ کر ما یانلی کو احساس ہوا کہ انہیں اپنے عملے کے لیے کچھ کرنا چاہیے۔ چنانچہ انہوں نے فیصلہ کیا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے ملازمین کو گاڑیاں تحفے میں دی جائیں تاکہ انہیں روزانہ کے سفر میں آسانی ہو۔
چینی ماہرین کی انوکھی ایجاد، ایسا پینٹ جو عمارتوں کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد دے گا
’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے گاڑی تحفے میں ملے گی‘
گاڑی حاصل کرنے والے ایک ملازم نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسے اس تحفے کی بالکل توقع نہیں تھی۔
ملازم کے مطابق ما یانلی نے صرف اتنا بتایا تھا کہ وہ اسے ایک ’بڑا کھلونا‘ تحفے میں دینا چاہتی ہیں، تاہم اسے اندازہ نہیں تھا کہ یہ اتنا قیمتی تحفہ ہوگا۔
خاص بات یہ بھی ہے کہ ملازمین کو گاڑیاں دینے کے بدلے کسی قسم کے معاہدے پر دستخط کرنے یا اضافی شرائط پوری کرنے کا پابند نہیں کیا گیا۔
’کمپنی کی کامیابی ملازمین کی محنت کا نتیجہ ہے‘
ما یانلی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کیریئر میں کامیاب ہوئی ہیں، لیکن اس کامیابی کے پیچھے ان کی پوری ٹیم کی محنت شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی کی خوشحالی تمام ملازمین کی محنت کا نتیجہ ہے، اسی لیے وہ اپنی کامیابی کے ثمرات بھی اپنے ملازمین کے ساتھ بانٹنا چاہتی ہیں۔
ملازمین کو قیمتی گاڑیاں دینے کے اس اقدام نے نہ صرف انہیں خوش کردیا بلکہ یہ بھی ظاہر کیا کہ بعض اداروں میں ملازمین کی محنت کا اعتراف صرف مالی انعامات تک محدود نہیں رہتا، بلکہ ان کی روزمرہ زندگی کو آسان بنانے کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔
