وزیراعظم کا علاقائی صورتحال کے تناظر میں گیس کی بلاتعطل درآمد یقینی بنانے پر زور

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم شہباز شریف نے موسم سرما میں گیس کی طلب پوری کرنے اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں گیس کی بلاتعطل درآمد یقینی بنانے کے لیے پیشگی اقدامات اور جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

latest urdu news

موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ پر اجلاس

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزرا اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، احد چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، ہارون اختر اور بلال اظہر سمیت دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران ملک میں موسم سرما کے دوران گیس کی طلب، دستیابی اور ترسیل سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ گھریلو صارفین سمیت مختلف شعبوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

گیس کی درآمد میں تعطل نہ آنے دیا جائے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ علاقائی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے گیس کی درآمد میں کسی بھی قسم کا تعطل نہیں آنا چاہیے۔

انہوں نے موسم سرما کے دوران گیس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے اور بروقت اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ صارفین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ گیس کی دستیابی، درآمد اور ترسیل کے حوالے سے تمام ضروری انتظامات پہلے سے مکمل کیے جائیں۔

ایران سے سستا تیل اور گیس درآمد کرنے پر غور، حکومت عوام کو مزید ریلیف دینے کی کوشش میں

گھریلو صارفین کو مقامی گیس کی فراہمی میں ترجیح

اجلاس میں وزیراعظم کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ موسم سرما کے دوران گھریلو صارفین کو مقامی گیس کی فراہمی میں ترجیح دی جائے گی۔

بریفنگ کے مطابق بجلی گھروں اور صنعتی شعبے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے آر ایل این جی کو ترجیح دی جائے گی۔ اس حکمت عملی کا مقصد مختلف شعبوں کے لیے گیس کی دستیابی کو بہتر انداز میں منظم کرنا ہے۔

اجلاس میں شمالی علاقوں میں موجود گیس کے ذخائر سے بلاتعطل ترسیل کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔

بجلی سے چلنے والے ہیٹنگ آلات کے لیے فنانسنگ کی تجویز

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پانی اور جگہ کو گرم کرنے کے لیے بجلی سے چلنے والے آلات کے استعمال کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے بھی تجاویز زیر غور ہیں۔

اس مقصد کے لیے بجلی سے چلنے والے واٹر اور اسپیس ہیٹنگ آلات کی خریداری کے لیے بینک فنانسنگ کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔

اجلاس میں موسم سرما کے دوران گیس کی طلب کو بہتر انداز میں منظم کرنے، دستیاب وسائل سے مؤثر استفادہ کرنے اور صارفین کو بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ موسم سرما کے آغاز سے قبل تمام ضروری اقدامات مکمل کیے جائیں تاکہ گیس کی فراہمی کے نظام کو کسی بھی ممکنہ دباؤ سے نمٹنے کے لیے تیار رکھا جاسکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں