امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ انکی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ رواں ماہ کے اختتام پر اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گی۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ لیویٹ اپنے کم عمر بچوں اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے عہدہ چھوڑ رہی ہیں۔
انہوں نے لیویٹ کو اپنے ”انتہائی قابل اعتماد معاونین“ میں شامل قرار دیا اور کہا کہ وہ ان کے فیصلے کو سمجھتے اور اس کا احترام کرتے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ لیویٹ آئندہ بھی ان کی اعلیٰ سطح کی بیرونی مشیر کے طور پر کام کریں گی اور ریپبلکن پارٹی میں ایک بااثر آواز رہیں گی۔
28 سالہ لیویٹ نے گزشتہ سال وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کا عہدہ سنبھالا تھا اور وہ اس منصب پر فائز ہونے والی اب تک کی کم عمر ترین شخصیت ہیں۔ ان کی جگہ کون لے گا، اس بارے میں فوری طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
لیویٹ نے صدر کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر کہا کہ وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری کی حیثیت سے کام کرنا ان کی زندگی کا ”سب سے بڑا اعزاز اور مہم جوئی“ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماں بننے اور دنیا کی مشکل ترین ملازمتوں میں سے ایک کے دوران اپنے دوسرے بچے کی پیدائش ان کی زندگی کا سب سے خوشگوار لیکن مشکل دور رہا۔
وائٹ ہاؤس کے ٹیلی پرامپٹر آپریٹر پر اندرونی معلومات سے شرطیں لگا کر ایک لاکھ ڈالر کمانے کا الزام
لیویٹ نے بتایا کہ بیٹی کی پیدائش کے بعد گزشتہ ماہ وائٹ ہاؤس واپس آنے پر انہیں احساس ہوا کہ وہ اپنے دو کم عمر بچوں کے لیے بہترین ماں کا کردار ادا نہیں کر سکتیں اور ساتھ ہی پریس سیکریٹری کے منصب کے لیے درکار مسلسل وقت، توانائی اور توجہ بھی نہیں دے سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ اسی احساس کے تحت انہوں نے وائٹ ہاؤس چھوڑنے اور زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
