کراچی: میر رضا قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، نئی تحقیقاتی ٹیم لاش ملنے والے مقام پر پہنچ گئی جہاں جائے وقوعہ اور اطراف کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کے ہمراہ مقتول کے والدین بھی موجود تھے، جبکہ ٹیم کے رکن ایس ایس پی علی رضا نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر لاش کی نشاندہی کرنے والے نرسری کے ملازم یاسر سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق مالی یاسر نے واقعے سے متعلق تحقیقاتی ٹیم کو اہم معلومات فراہم کیں۔
پولیس حکام نے جائے وقوعہ اور اس کے اطراف میں باریک بینی سے شواہد کا جائزہ لیا اور ممکنہ شواہد کو محفوظ بنانے کے لیے مختلف مقامات کی تصاویر بھی بنائی گئیں۔
میر رضا کیس: غفلت برتنے پر ایس ایچ او اور ایس ڈی پی او معطل
حکام کے مطابق نئی تحقیقاتی ٹیم میر رضا کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ واقعے کی اصل وجوہات اور ذمہ داروں تک پہنچا جا سکے۔
