لاہور: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی بیان پر طنزیہ ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ زنگ آلود تیر سے شیر کا شکار نہیں کیا جا سکتا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے لکھا کہ "مڑے تُڑے، زنگ آلود تیر گیدڑوں اور لومڑیوں کا شکار تو کر سکتے ہوں گے، لیکن ان سے شیر کا شکار ممکن نہیں، اور ویسے بھی یہ آپ سے نہیں ہوگا۔”
ان کا یہ تبصرہ بلاول بھٹو زرداری کے اس انتخابی خطاب کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے کہا تھا کہ "27 جولائی کو تیر سے شیر کا ایسا شکار کریں گے کہ تاریخ یاد رکھے گی۔”
آزاد کشمیر میں تیر سے شیر کا تاریخی شکار ہوگا، 27 جولائی فیصلہ کن دن ہوگا: بلاول بھٹو
واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے، جہاں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما ایک دوسرے پر سخت تنقید اور جوابی بیانات دے رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری بھی انتخابی جلسوں میں مسلم لیگ (ن) کو ہدفِ تنقید بنا رہے ہیں، جبکہ ن لیگ کی قیادت بھی ان کے بیانات کا بھرپور جواب دے رہی ہے۔
