کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشنِ معمار میں پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تین ملزمان ہلاک ہو گئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔
پولیس کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) کی ٹیم گرفتار ملزمان کو نشاندہی کے لیے عمر بروہی گوٹھ لے جا رہی تھی کہ اس دوران مبینہ طور پر ان کے ساتھیوں نے پولیس پر حملہ کر دیا۔ جوابی کارروائی میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں تینوں ملزمان مارے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت سریش، رام چند اور انیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ تینوں کلفٹن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکٹر آکاش کے قتل کے مقدمے میں گرفتار تھے، جبکہ ان کی گرفتاری کا اعلان چند روز قبل ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے پریس کانفرنس میں کیا تھا۔
کراچی: والد کے قتل میں ملوث دوسرا بیٹا بھی گرفتار، جائیداد کا تنازع سامنے آگیا
فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پولیس کا مؤقف ہے کہ ملزمان اپنے ساتھیوں کے حملے کے دوران مارے گئے، تاہم اس واقعے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
