اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث دنیا بھر میں توانائی مہنگی ہو رہی ہے، جس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نظام میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اوگرا اب روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین کرے گی اور نئی قیمتیں اپنی ویب سائٹ پر جاری کیا کرے گی۔
وزیر پیٹرولیم کے مطابق حکومت پیٹرولیم سیکٹر کو ڈی ریگولیشن کی جانب لے جا رہی ہے تاکہ قیمتوں کے تعین کا نظام عالمی مارکیٹ کے مطابق زیادہ شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔
