بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور سیاست دان ہیما مالنی نے فلموں سے کنارہ کشی کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ دور کی فلم سازی ان کے لیے پہلے جیسی نہیں رہی، اسی لیے وہ اب فلموں میں کام نہیں کرتیں۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں 78 سالہ ہیما مالنی نے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ انہیں بھارتی فلم انڈسٹری کے سنہری دور میں کام کرنے کا موقع ملا، جہاں معیاری اور یادگار فلمیں بنائی جاتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پہلی فلم "سپنوں کا سوداگر” سمیت "خوشبو” اور دیگر کئی فلمیں ان کے لیے ہمیشہ خاص رہیں۔ ماضی کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اپنے فلمی کیریئر میں وہ تقریباً 200 فلموں میں اداکاری کر چکی ہیں، جبکہ متعدد پروڈیوسرز اپنی نئی فلموں میں بھی انہیں دوبارہ کاسٹ کیا کرتے تھے۔
ہیما مالنی کے مطابق ماضی میں ہر فلم میں پانچ یا چھ گانے ہوتے تھے اور کامیاب موسیقی کسی بھی فلم کی کامیابی کا اہم حصہ سمجھی جاتی تھی، لیکن اب فلم سازی کا انداز مکمل طور پر بدل چکا ہے۔
کراچی کے حالات پر عائشہ عمر کا اظہارِ تشویش، “ہم کراچی والے تمغوں کے حقدار ہیں”
انہوں نے کہا، "آج کل لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ میں فلموں میں کام کیوں نہیں کرتی، تو اس کی وجہ یہ ہے کہ آج جس انداز سے فلمیں بنتی ہیں، اس کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرنا میرے لیے بہت مشکل ہے۔”
