گجرات: سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے ڈائریکٹر مانیٹرنگ عتیق الرحمن کے ہمراہ عزیز بھٹی ٹیچنگ ہسپتال گجرات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران سیکرٹری صحت نے ایمرجنسی وارڈ سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور ان سے علاج معالجے، ادویات اور دیگر سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات، انتظامی امور اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
عظمت محمود نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں میں معیاری، بروقت اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مریضوں کو علاج کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور صحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب نے عزیز بھٹی ٹیچنگ ہسپتال گجرات کے لیے نئی ایم آر آئی مشین کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے، جس سے تشخیصی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی اور مریضوں کو جدید طبی سہولتیں مقامی سطح پر دستیاب ہوں گی۔
