کمشنر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن (پیسی) ذوالفقار علی کھرل نے سوشل سکیورٹی ہسپتال گجرات کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے گجرات اور گردونواح کے رجسٹرڈ محنت کشوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، انتظامی امور اور سروس ڈیلیوری کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ان کے ہمراہ میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر حمیرا بزدار اور ڈائریکٹر سی اینڈ بی راشد بدر بھی موجود تھے۔ کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین کی حاضری چیک کی، جبکہ صفائی، نظم و ضبط اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ علاج کے لیے آنے والے ہر مریض اور رجسٹرڈ محنت کش کے ساتھ خوش اخلاقی اور احترام سے پیش آیا جائے، جبکہ معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
بعد ازاں کمشنر پیسی نے زیر تعمیر سوشل سکیورٹی بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) گجرات کا بھی دورہ کیا اور تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ ٹھیکیدار کو منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے کام تیز کرنے کی ہدایت کی، جبکہ ڈائریکٹر ورکس کو تعمیراتی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی اور منصوبے کی بروقت و معیاری تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
ایس ایس پی سی ٹی ڈی کامران ممتاز کا گجرات ڈویژنل کنٹرول روم کا دورہ، محرم انتظامات کا جائزہ
بعد ازاں کمشنر ذوالفقار علی کھرل نے سوشل سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ گجرات میں ریکوری اہداف سے متعلق اجلاس کی صدارت کی، جس میں ریکوری کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو مقررہ اہداف بروقت حاصل کرنے کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
