قومی اسمبلی نے عالمی سطح پر امن، استحکام اور سفارتی ہم آہنگی کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے ایک متفقہ قرارداد منظور کر لی۔ قرارداد وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں پیش کی، جسے تمام جماعتوں کی حمایت حاصل ہوئی۔
قرارداد میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی عالمی امن کے قیام اور تنازعات کے حل کے لیے کی جانے والی سفارتی اور قیادی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ ایوان نے ان خدمات کو پاکستان کے مثبت عالمی تشخص کے فروغ میں اہم قرار دیا۔
ایوان نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں میں معاونت کرنے والے دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا۔ قرارداد میں چین، سعودی عرب، ایران، امریکہ، قطر، ترکیہ اور دیگر شراکت دار ممالک کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ ان ممالک کی حمایت سے امن اور مذاکرات کی راہیں ہموار ہوئیں۔
قرارداد کے متن میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر بات چیت، مفاہمت اور سفارتی روابط کے فروغ میں فعال کردار ادا کیا ہے۔ اراکین اسمبلی نے اس پیش رفت کو ملک کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
اس سے قبل قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پاکستان کی سفارتی کامیابیوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پیش رفت کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر مزید مضبوط ہوا ہے اور دنیا بھر میں ملک کا نام عزت و احترام کے ساتھ لیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا پوری قوم کے سر ہے اور اگر ایوان اس حوالے سے متفقہ مؤقف اختیار کرے تو دنیا کو قومی اتحاد، یکجہتی اور جمہوری ہم آہنگی کا مضبوط پیغام ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو جو عالمی عزت اور پذیرائی حاصل ہوئی ہے وہ اللہ تعالیٰ کا خاص فضل و کرم ہے۔ ان کے مطابق قوموں کی تاریخ میں ایسے مواقع کم آتے ہیں جب انہیں عالمی سطح پر اتنی پذیرائی اور احترام حاصل ہو، اس لیے پوری قوم کو اس کامیابی پر شکر گزار ہونا چاہیے۔
