شہدائے پولیس کے خاندانوں کا مفت علاج؛ ڈی پی او گجرات اختر فاروق کا بڑا فلاحی اقدام

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ضلع گجرات میں امن و امان کے لیے جانیں نچھاور کرنے والے پولیس شہداء کے اہلخانہ اور حاضر سروس جوانوں کے لیے ایک شاندار اور احسن اقدام سامنے آیا ہے۔

latest urdu news

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) گجرات اختر فاروق نے پولیس فورس کی فلاح و بہبود کے لیے "ڈینٹل کیئر کلینک جلالپور جٹاں” کے ساتھ ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت اب پولیس خاندانوں کو دانتوں کے علاج کی جدید اور مہنگی سہولیات انتہائی رعایتی اور مفت بنیادوں پر فراہم کی جائیں گی۔

اس اہم معاہدے (MoU) کے تحت گجرات پولیس کے عظیم شہداء کے لواحقین اور خاندانوں کو ڈینٹل کیئر کلینک میں کسی قسم کی کوئی فیس ادا نہیں کرنی پڑے گی۔ شہداء کے بچوں اور اہلخانہ کے لیے ڈاکٹر کی مشاورتی فیس (Check-up Fee) سمیت دانتوں کے تمام چھوٹے بڑے سرجیکل اور نان سرجیکل آپریشنز اور پروسیجرز مکمل طور پر 100 فیصد مفت ہوں گے۔

معاہدے میں دن رات ڈیوٹی دینے والے حاضر سروس پولیس افسران، جوانوں اور ان کے قریبی لواحقین کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے۔ فورس کے جوانوں کو کلینک کی مشاورتی فیس پر 50 فیصد (آدھی فیس) کی سیدھی رعایت ملے گی۔ اس کے علاوہ دانتوں کے مہنگے علاج جیسے آرتھوڈانٹک ٹریٹمنٹ (تار لگوانا)، روٹ کینال (آر سی ٹی)، فلنگ، اسکیلنگ اور پالشنگ سمیت تمام نان سرجیکل اور سرجیکل پروسیجرز (بشمول ڈینٹل امپلانٹس اور دانت نکالنا) پر 40 فیصد کی خطیر رعایت فراہم کی جائے گی۔

ڈی پی او آفس میں منعقدہ اس پروقار تقریب میں ڈینٹل کیئر کلینک جلالپور جٹاں کی جانب سے نامور معالج ڈاکٹر اویس فاروق چوہدری نے ڈی پی او گجرات اختر فاروق کے ساتھ باقاعدہ دستاویزات پر دستخط کیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او اختر فاروق کا کہنا تھا کہ اپنے جوانوں اور بالخصوص شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال اور فلاح و بہبود گجرات پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کلینک کی انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے فورس کا مورال بلند ہوگا اور انہیں سستے داموں معیاری علاج میسر آئے گا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter