امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو 300 ملین ڈالر فراہم کرنے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس قسم کی اطلاعات سیاسی مقاصد کے تحت پھیلائی جا رہی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری پیغام میں کہا کہ امریکا کی جانب سے ایران کو مالی امداد دینے کی خبریں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض سیاسی حلقے، خصوصاً ڈیموکریٹس، عوام کو گمراہ کرنے کے لیے ایسی اطلاعات کو ہوا دے رہے ہیں۔
امریکی صدر کے مطابق واشنگٹن کی جانب سے ایران کے لیے کسی مالی پیکیج یا امدادی پروگرام پر نہ تو غور کیا جا رہا ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی معاہدہ موجود ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
ٹرمپ کا ایران اور اسرائیل سے تحمل کا مطالبہ، سفارتی حل پر زور
ٹرمپ نے اپنے بیان میں ایران کے جوہری پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تہران اس بات پر آمادہ ہو چکا ہے کہ وہ مستقبل میں کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرے گا۔
امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے تعلقات اور جوہری پروگرام سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں بین الاقوامی سطح پر زیر بحث ہیں۔
