وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان طویل عرصے سے جاری مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور دونوں ممالک ایک امن معاہدے پر متفق ہو گئے ہیں۔ ان کے مطابق اس معاہدے پر باضابطہ دستخط 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی تقریب کے دوران کیے جائیں گے۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے بتایا کہ معاہدے کے تحت دونوں فریقین نے تمام محاذوں پر فوجی کارروائیاں فوری طور پر روکنے اور کشیدگی کے خاتمے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے اس پیش رفت کو خطے میں امن اور استحکام کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔
شہباز شریف نے قطر، سعودی عرب اور ترکیے کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے مذاکرات کو کامیاب بنانے اور فریقین کے درمیان اعتماد بحال کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے پر مکمل عملدرآمد سے قبل ثالثی کرنے والے ممالک رواں ہفتے مختلف سطحوں پر مشاورت کریں گے تاکہ تکنیکی معاملات کو حتمی شکل دی جا سکے۔
امریکا۔ایران امن معاہدے پر محسن نقوی کا ردعمل، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کو خراج تحسین
وزیراعظم نے امریکا اور ایران کی قیادت کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے تنازع کے حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کا راستہ اختیار کر کے مثبت مثال قائم کی ہے۔
