وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ نے سرمایہ کاروں کو غیر معمولی منافع فراہم کیا ہے اور اس وقت دنیا کی چند بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹوں میں شمار ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کے دوران ملکی معیشت میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں اور استحکام کے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، جس کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ چین کے بعد پاک چین اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور سی پیک کے تحت کاروباری شعبے کے درمیان روابط کو مزید فروغ ملا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان کاروباری سطح پر تعاون مسلسل مضبوط ہو رہا ہے، جس سے سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو فرخ سبزواری نے کہا کہ معاشی دباؤ کے باوجود حکومت نے سرمایہ کار دوست بجٹ پیش کیا ہے۔ ان کے مطابق بجٹ میں مختلف شعبوں کو ریلیف دیا گیا ہے جس سے مارکیٹ کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ نئی تاریخ رقم، انڈیکس 1 لاکھ 38 ہزار سے تجاوز کر گیا
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر حالیہ معاشی اور سیاسی پیش رفت، خصوصاً امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات، نے بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں پر اثرات مرتب کیے ہیں۔ فرخ سبزواری کے مطابق رواں سال نوجوان نسل، بالخصوص جین زی، کی جانب سے اسٹاک مارکیٹ میں دلچسپی بڑھی ہے اور بڑی تعداد میں نئے سرمایہ کاری اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ معاشی استحکام، کم ہوتی مہنگائی اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کی صورت میں پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ آئندہ بھی مثبت کارکردگی دکھا سکتی ہے۔
