اداکارہ مومنہ اقبال اور رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے درمیان جاری تنازعے میں ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ثاقب چدھڑ نے مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال کے خلاف امانت میں خیانت کے الزام پر تھانہ چنیوٹ میں درخواست جمع کرا دی ہے۔
درخواست کے مطابق ثاقب چدھڑ کا مؤقف ہے کہ رمشا اقبال نے بینک اسٹیٹمنٹ کی تیاری اور مالی معاملات کے سلسلے میں ان سے 80 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ رقم بطور امانت دی گئی تھی، تاہم متعدد بار مطالبے کے باوجود واپس نہیں کی گئی۔
ثاقب چدھڑ نے الزام عائد کیا ہے کہ رقم واپس نہ کرنے کا عمل امانت میں خیانت کے زمرے میں آتا ہے، جس پر قانونی کارروائی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کے پاس رقم کی ادائیگی کے بینک ریکارڈ اور دیگر دستاویزی شواہد بھی موجود ہیں۔
اداکارہ مومنہ اقبال کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ پر سنگین الزامات، مقدمے کیلئے درخواست دائر
درخواست میں پولیس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ دستیاب شواہد کی روشنی میں معاملے کی تحقیقات کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ واقعے کے بعد اس تنازعے نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے اور اب معاملہ قانونی فورم تک پہنچ گیا ہے۔
