حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا اور یہ نرخ آئندہ سات روز تک مؤثر رہیں گے۔ تازہ فیصلے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 381 روپے 78 پیسے سے کم ہو کر 377 روپے 78 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ بدستور 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ قیمتوں کا تعین عالمی منڈی کے رجحانات اور مقامی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی، عوام کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22، 22 روپے فی لیٹر نمایاں کمی کی تھی، جس کے نتیجے میں صارفین کو خاطر خواہ ریلیف ملا تھا۔ تازہ کمی کے بعد پیٹرول کی قیمت میں مزید کمی آ گئی ہے، جس سے عام شہریوں اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کو کچھ سہولت ملنے کی توقع ہے۔
