جہیز کی گاڑی کا تنازع عدالت پہنچ گیا، شوہر کی ضمانت منظور

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور ہائیکورٹ میں میاں بیوی کے درمیان جہیز میں ملنے والی گاڑی کے تنازع پر ایک دلچسپ قانونی معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں خاتون نے اپنی گاڑی فروخت کرنے کے الزام میں شوہر کے خلاف فراڈ اور امانت میں خیانت کا مقدمہ درج کروا دیا۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت کے بعد شوہر کی قبل از گرفتاری ضمانت برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔

latest urdu news

جسٹس طارق محمود باجوہ نے محمد عمیر ریاض کی درخواست پر چار صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے کے مطابق خاتون کا مؤقف تھا کہ اس نے گاڑی شوہر کے پاس بطور امانت رکھی تھی، جسے مبینہ طور پر فروخت کر دیا گیا۔ ریکارڈ سے ظاہر ہوا کہ گاڑی قانونی طور پر خاتون کے نام رجسٹرڈ تھی جبکہ شوہر اسے صرف استعمال کر رہا تھا۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ دراصل میاں بیوی کے درمیان جاری خاندانی اور ازدواجی تنازعات کا نتیجہ ہے۔ عدالت کے سامنے یہ بھی مؤقف پیش کیا گیا کہ خاتون پہلے ہی فیملی کورٹ میں جہیز کے سامان کی واپسی کے لیے دعویٰ دائر کر چکی ہے، جس میں مذکورہ گاڑی بھی شامل ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ: نکاح کے بعد طے شدہ حقوق سے محرومی ناقابلِ قبول قرار

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ متنازع گاڑی پہلے سے زیر سماعت فیملی مقدمے کا حصہ ہے اور شکایت کنندہ نے اپنی درخواست میں اسے جہیز کا سامان قرار دیا تھا۔ مزید یہ کہ ایف آئی آر درج کرواتے وقت خاتون نے فیملی کورٹ میں زیر التوا مقدمے کا ذکر نہیں کیا۔

عدالت نے مشاہدہ کیا کہ گاڑی اب بھی خاتون ہی کے نام رجسٹرڈ ہے اور بظاہر یہ مقدمہ میاں بیوی کے خراب تعلقات اور گھریلو اختلافات کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ملزم تفتیش میں شامل ہو چکا ہے اور اس کے خلاف کسی بدنیتی یا غیرقانونی اقدام کے واضح شواہد سامنے نہیں آئے۔

عدالت نے تمام حقائق کا جائزہ لینے کے بعد محمد عمیر ریاض کی عبوری ضمانت دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض کنفرم کر دی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter