سوہاوہ: عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے خصوصی آپریشن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ورکرز کے اعزاز میں اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر کی زیرِ قیادت ایک "عید ملن اور اعزازی تقریب” کا انعقاد کیا گیا۔
یہ تقریب ایک مقامی مارکی میں منعقد ہوئی جس کا مقصد عید کے دوران صفائی کے فرائض سرانجام دینے والے ورکرز اور عملے کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کا اعتراف کرنا تھا۔
تقریب میں سُتھرا پنجاب ایجنسی کے افسران، سپروائزرز، فیلڈ مانیٹرنگ آفیسرز (FMOs)، اسسٹنٹ مانیٹرنگ آفیسرز (AMOs) اور دیگر عملے نے شرکت کی۔ اس موقع پر عید کی خوشیوں کو بانٹنے کے لیے کیک بھی کاٹا گیا۔
صفائی آپریشن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جبکہ مخیر حضرات کے تعاون سے ہر ورکر کو 2 ہزار روپے نقد انعام بھی دیا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف افسران اور فیلڈ اسٹاف میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔
اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے اس موقع پر کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران شہر میں صفائی کے بہترین انتظامات ورکرز کی محنت، لگن اور عوامی خدمت کے جذبے کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف عملے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں بلکہ بہتر کارکردگی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء کی تواضع ریفریشمنٹس سے کی گئی اور ماحول خوشگوار انداز میں اختتام پذیر ہوا۔
