ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان ایک بار پھر ازدواجی زندگی کے نئے سفر کے لیے تیار ہیں اور بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ آئندہ ماہ اپنی گرل فرینڈ گوری سپراٹ کے ساتھ تیسری شادی کرنے جا رہے ہیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ شادی 5 جولائی کو نہایت سادگی کے ساتھ انجام دی جائے گی، جس میں صرف دونوں خاندانوں کے قریبی افراد اور چند مخصوص دوست شریک ہوں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ تقریب یا تو انتہائی محدود پیمانے پر ہوگی یا پھر کورٹ میرج کے ذریعے رسمی کارروائی مکمل کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق عامر خان اور گوری سپراٹ گزشتہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے ایک ساتھ وقت گزار رہے ہیں اور خوشگوار زندگی بسر کر رہے ہیں۔ اداکار نے گزشتہ سال اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر گوری سپراٹ کو پہلی بار میڈیا کے سامنے اپنی ساتھی کے طور پر متعارف کرایا تھا۔
عامر خان کی گرل فرینڈ گوری سپراٹ کی پاپارازی پر برہمی
یہ عامر خان کی تیسری شادی ہوگی۔ اس سے قبل انہوں نے 1986 میں رینا دتہ سے شادی کی تھی جو 2002 میں ختم ہوئی، جبکہ اس شادی سے ان کے دو بچے جنید اور آئرا ہیں۔ بعد ازاں 2005 میں انہوں نے فلم ساز کرن راؤ سے شادی کی، جو 2021 میں اختتام پذیر ہوئی۔ دونوں اب بھی اپنے بیٹے آزاد کی مشترکہ پرورش کر رہے ہیں۔
