اسلام آباد: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرتے ہوئے 35 سال سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ خواتین کو بھی پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے دوران سامنے آیا، جہاں مستحق افراد کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کمیٹی رکن بلال مندوخیل نے نشاندہی کی کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں غیر شادی شدہ خواتین کی مناسب نمائندگی نہیں ہے، حالانکہ معاشرے میں ایسی خواتین کی بڑی تعداد موجود ہے جو مالی مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں اور انہیں سرکاری معاونت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ غیر شادی شدہ خواتین، خصوصاً وہ جن کا کوئی کفیل موجود نہیں، امدادی پروگراموں میں ترجیحی بنیادوں پر شامل کیے جانے کی مستحق ہیں۔
بی آئی ایس پی اسکینڈل : سرکاری ملازمین کی بیگمات کی فہرست سامنے آ گئی
اس موقع پر بی آئی ایس پی حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ 35 سال سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ خواتین کو پروگرام میں شامل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خواتین مالی معاونت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
