خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کی تحصیل الپوری کے علاقے رحیم آباد میں پیش آنے والے دلخراش حادثے میں گھر کی چھت اچانک منہدم ہونے سے ایک ہی خاندان کے 6 بچے جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک بچی کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے وقت سات بچے گھر کے اندر موجود تھے اور چھت گرنے کے باعث ملبے تلے دب گئے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران ایک بچی کو بحفاظت نکال لیا گیا، تاہم دیگر چھ بچوں کو بچایا نہ جا سکا۔
جاں بحق ہونے والوں میں ناظرہ، سمیرا، رضوان، نایاب، حیا نور اور عمیرہ بی بی شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بچوں کی عمریں پانچ سے چودہ سال کے درمیان تھیں۔
چارسدہ میں شادی کا گھر ماتم میں بدل گیا، چھت گرنے سے 6 جاں بحق
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچوں کے والد جہان بشر کا کچھ عرصہ قبل انتقال ہو چکا تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق خاندان ایک کچے مکان میں رہائش پذیر تھا، جس کی چھت کمزور ہونے کے باعث گر گئی۔
حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ مقامی افراد اور انتظامیہ متاثرہ خاندان سے اظہارِ تعزیت کر رہے ہیں۔
