لاہور: عیدالاضحیٰ کے لیے دی گئی وقتی رعایت کے خاتمے کے بعد پنجاب بھر میں مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے سابقہ اوقاتِ کار دوبارہ بحال کر دیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق توانائی بچت پالیسی کے تحت کاروباری مراکز پر مقررہ اوقات کی پابندی 2 جون سے دوبارہ نافذ العمل ہوگی۔ اس سلسلے میں عید کے دنوں کے لیے دی گئی خصوصی چھوٹ یکم جون تک محدود تھی۔
نئے شیڈول کے مطابق صوبے بھر کی مارکیٹیں اور تجارتی مراکز پہلے سے مقرر کردہ وقت کے مطابق رات 8 بجے بند ہوں گے، جبکہ ریسٹورنٹس اور دیگر کاروباری ادارے بھی حکومتی ہدایات کے مطابق اپنے معمول کے اوقات پر عمل کریں گے۔
لاہور کے تاجروں کا حکومتی اوقات کار مسترد، دیگر شہروں میں ملا جلا ردعمل
حکام کا کہنا ہے کہ توانائی کے مؤثر استعمال اور بجلی کی بچت کے لیے اوقاتِ کار کی پابندی برقرار رکھی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
