نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کل سرکاری دورے پر واشنگٹن روانہ ہوں گے جہاں وہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے اہم ملاقات کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نیویارک میں اپنی مصروفیات مکمل کرنے کے بعد واشنگٹن ڈی سی جائیں گے، جہاں ان کی ملاقات امریکی وزیر خارجہ اور قومی سلامتی کے مشیر سے متوقع ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار کا یہ دورہ پاکستان اور امریکا کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔
نائب وزیراعظم دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوں گے۔
