پاکستان محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں 31 مئی تک درمیانی سے شدید نوعیت کی ہیٹ ویو برقرار رہ سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق صوبے کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
کن شہروں میں زیادہ گرمی متوقع ہے؟
محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، لاڑکانہ، دادو اور نوابشاہ میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جو انسانی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
اسی طرح موئن جو دڑو، شکارپور، جیکب آباد اور خیرپور میں بھی درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
جنوبی سندھ کے اضلاع بھی متاثر ہونے کا امکان
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تھرپارکر، بدین، حیدرآباد، میرپورخاص اور جامشورو میں بھی پارہ 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
شدید گرمی کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ملک بھر میں شدید گرمی ، ہیٹ ویو کا الرٹ جاری
کراچی کا موسم کیسا رہے گا؟
کراچی میں آئندہ تین روز تک موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے، جبکہ سمندری ہوائیں بھی جنوب مغرب کی سمت سے چلتی رہیں گی۔
رپورٹ کے مطابق آج اور کل کراچی میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے، جبکہ ہفتے کے روز پارہ 38 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔
شہریوں کے لیے احتیاطی ہدایات
ماہرین صحت کے مطابق شدید گرمی میں پانی کا زیادہ استعمال، دھوپ سے بچاؤ اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز انتہائی ضروری ہے۔ خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ہیٹ اسٹروک اور دیگر طبی مسائل سے محفوظ رہا جا سکے۔
