وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کے لیے گلی محلوں اور غیر مقررہ مقامات پر جانوروں کی آلائشیں پھینکنے والوں پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اس فیصلے کا اعلان وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے ویڈیو لنک اجلاس میں کیا گیا، جس میں صوبے بھر میں عید صفائی آپریشن کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ صفائی کے تمام متعلقہ ادارے “ون گورنمنٹ یونٹ” کے طور پر مشترکہ انداز میں کام کریں تاکہ عوام کو صاف اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جانوروں کی باقیات اور آلائشیں غیر قانونی مقامات پر پھینکنے کی روک تھام کے لیے خصوصی ویجلینس اسکواڈز تشکیل دیے جائیں گے، جو نگرانی اور کارروائی کے فرائض انجام دیں گے۔ اس کے ساتھ عوامی آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی تاکہ شہریوں میں صفائی سے متعلق شعور بیدار کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز، ریلوے کالونیز، کنٹونمنٹ ایریاز، کمرشل مارکیٹس، مرکزی شاہراہوں اور قبرستانوں میں خصوصی صفائی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کی تین روزہ تعطیلات کا اعلان کردیا
حکام کی جانب سے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ بھر کی 2687 بڑی کمرشل مارکیٹوں، 285 مویشی منڈیوں اور 171 سیل پوائنٹس پر خصوصی صفائی پلان نافذ کیا جائے گا۔
“ستھرا پنجاب” مہم کے تحت اس سال صفائی آپریشن میں 1 لاکھ 76 ہزار سینٹری ورکرز حصہ لیں گے جبکہ 8 ہزار سے زائد عارضی کارکن بھی خدمات انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ 40 ہزار سے زیادہ اضافی گاڑیاں، منی ڈمپرز، لوڈر رکشے، ٹریکٹر ٹرالیاں اور پک اپ گاڑیاں استعمال کی جائیں گی۔
عید کے دنوں میں آلائشیں جمع کرنے کے لیے پنجاب بھر میں 3800 پرائمری کولیکشن سینٹرز اور 7 ہزار ڈمپنگ پوائنٹس قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
