پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی مختلف خبروں اور الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مالی معاملات سے متعلق بیانیے اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں، جبکہ حقیقت ابھی مکمل طور پر عوام کے سامنے نہیں آئی۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں اداکارہ نے کہا کہ ہر کہانی کے دو پہلو ہوتے ہیں اور انہوں نے تاحال اپنا مؤقف تفصیل سے عوام کے سامنے نہیں رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے اور ان کی کردار کشی کی کوشش کی گئی۔
مومنہ اقبال نے واضح کیا کہ انہیں نہ تو شہرت حاصل کرنے کی ضرورت ہے اور نہ ہی کسی مالی فائدے کی خواہش، بلکہ وہ صرف اپنے حقوق کیلئے آواز اٹھا رہی ہیں۔ اداکارہ نے کہا کہ اگر وہ خاموش رہتیں یا کسی انتہائی قدم کا شکار ہو جاتیں تو شاید لوگ ان کے حق میں مہم چلاتے، تاہم انہوں نے خاموشی اختیار کرنے کے بجائے اپنے لیے کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا۔
مومنہ اقبال کی شکایت پر این سی سی آئی اے متحرک، سیاسی شخصیت اور اہلیہ طلب
انہوں نے اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بغیر ثبوت دیکھے ان کی حمایت کرنے والے افراد کی وہ قدر کرتی ہیں۔ اداکارہ کے مطابق وہ جلد پریس کانفرنس کریں گی جس میں ہر دعویٰ ثبوت کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
مومنہ اقبال نے مزید کہا کہ وہ بغیر ثبوت کے کوئی الزام یا بیان نہیں دیں گی اور عوام سے اپیل کی کہ حتمی رائے قائم کرنے سے پہلے ان کا مکمل مؤقف سن لیا جائے۔
