کراچی کی ملیر عدالت نے منشیات فروشی کے مقدمے میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ سچل پولیس نے ملزمہ کو عدالت میں پیش کیا، جہاں پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، تاہم عدالت نے درخواست مسترد کر دی۔
عدالتی کارروائی کے دوران ملزمہ کو عدالتی تحویل میں جیل بھیجنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ پولیس کے مطابق پنکی پر منشیات فروشی کے منظم نیٹ ورک چلانے کے الزامات ہیں اور اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب تحقیقات میں یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ ملزمہ کی گرفتاری کے باوجود مبینہ طور پر کراچی میں آن لائن کوکین کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق پنکی کے مبینہ ہینڈلرز نے نیا نمبر جاری کر کے سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔
سابق شوہر نے منشیات کے نیٹ ورک میں شامل کیا، انمول عرف پنکی کے اہم انکشافات
اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا اور پیغامات کے ذریعے صارفین کو بتایا جا رہا ہے کہ “میڈم پنکی” کا پرانا نمبر بند ہو چکا ہے، تاہم ان کے ساتھی اب بھی 24 گھنٹے سروس فراہم کر رہے ہیں۔ پیغامات میں مختلف اقسام کی منشیات کی قیمتیں بھی درج ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق صارفین کو سابقہ اکاؤنٹ میں رقم منتقل نہ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے کیونکہ وہ اکاؤنٹ بلاک ہو چکا ہے، جبکہ نیٹ ورک کی جانب سے نیا رابطہ نمبر جاری کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
