جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے تاکہ عوامی جان و مال کے تحفظ، صفائی ستھرائی اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔
جاری کردہ حکم نامے کے مطابق 25 مئی سے 30 مئی 2026 تک ضلع جہلم کی حدود میں مختلف سرگرمیوں پر پابندی عائد رہے گی۔
حکم نامے کے تحت ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ سیل پوائنٹس کے علاوہ کسی بھی مقام پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت پر پابندی ہوگی۔ اسی طرح بغیر این او سی قربانی کی کھالیں جمع کرنے، خرید و فروخت کرنے اور آلائشیں سڑکوں، نالیوں یا عوامی مقامات پر پھینکنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
عوامی مقامات پر سری پائے جلانے پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ تعفن، ماحولیاتی آلودگی اور بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر کی جانب سے دریا، نہروں، منی ڈیمز اور دیگر آبی مقامات پر نہانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ ون ویلنگ، تیز رفتاری، بغیر سائلنسر یا تبدیل شدہ سائلنسر والی موٹر سائیکل چلانے اور لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال کو بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کا ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈ دادنخان کا دورہ، طبی سہولیات بہتر بنانے کی ہدایات
حکم نامے میں عارضی میکانیکل جھولوں کے قیام پر پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ مستقل جھولے صرف فٹنس سرٹیفکیٹ کی شرط پر چلائے جا سکیں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس حکام اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ عیدالاضحیٰ کے دوران ضلع میں امن و امان اور صفائی کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔
