ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے گورنمنٹ کیپٹن حسنات ہائی اسکول سوہاوہ میں “معرکۂ حق” کے حوالے سے منعقدہ ایک پروقار تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے دوران طلبہ نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلو پیش کیے، جن میں افواجِ پاکستان کی قربانیوں، شہداء کی بہادری اور قومی جذبے کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء نے طلبہ کی شاندار پرفارمنس کو خوب سراہا اور ان کے جذبۂ حب الوطنی کی تعریف کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے غزالہ اصغر نے کہا کہ تعلیمی ادارے حب الوطنی، اتحاد اور قومی یکجہتی کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق قومی تاریخ کا ایک اہم اور روشن باب ہے، جس نے قوم کے عزم، حوصلے اور دفاعِ وطن کے جذبے کو مزید مضبوط کیا۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ اور اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ پاکستان کی سلامتی، ترقی، استحکام اور افواجِ پاکستان کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
