حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل دونوں کو مزید مہنگا کر دیا ہے۔ وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 51 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اس سے قبل پیٹرول کی قیمت 393 روپے 35 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 380 روپے 19 پیسے فی لیٹر تھی۔ حکومتی نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لیوی میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، جس سے مجموعی قیمتوں پر مزید اثر پڑا ہے۔
پاکستان کا اسٹریٹیجک پیٹرولیم ذخائر 90 دن تک بڑھانے کا منصوبہ
حکام کے مطابق پیٹرول پر لیوی بڑھا کر 112 روپے 14 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل پر 37 روپے 33 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اعلان ایک روز قبل چھٹی کے باعث آج کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق پیٹرول کی قیمتوں میں اس اضافے سے مہنگائی کی نئی لہر آنے کا خدشہ ہے، جس کا اثر ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور مجموعی لاگتِ زندگی پر پڑ سکتا ہے۔
ادھر عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات بھی پاکستان میں مسلسل دیکھے جا رہے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافہ اور کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتیں بڑھنے سے پیداواری لاگت میں اضافہ ہوتا ہے، جو بالآخر عام صارف تک مہنگائی کی شکل میں منتقل ہو جاتا ہے۔
