ڈنمارک میں دو ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثہ ایک مصروف ریلوے ٹریک پر پیش آیا جس کے باعث ٹرین سروس شدید متاثر ہوئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعے کے فوراً بعد ایمرجنسی سروسز جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، تاہم تاحال کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں اور ٹرینوں میں پھنسے مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ متاثرہ ریلوے روٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے تاکہ ریسکیو اور تفتیشی عمل مکمل کیا جا سکے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجوہات میں سگنلنگ سسٹم کی خرابی یا کوئی تکنیکی مسئلہ شامل ہو سکتا ہے، تاہم حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
