جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں 13 سے 16 اپریل تک جاری رہنے والی چار روزہ قومی پولیو مہم کی تیاریوں کا حتمی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر میاں مظہر حیات، پولیس، موٹر وے پولیس اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندگان نے شرکت کی، جبکہ مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
بریفنگ کے مطابق ضلع جہلم کی 56 یونین کونسلوں میں 5 سال سے کم عمر 2 لاکھ 28 ہزار 162 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے اور وٹامن اے کیپسول پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مہم کی کامیابی کے لیے 1,094 فیلڈ ٹیمیں، 74 فکسڈ اور 24 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ ان کی نگرانی 223 ایریا انچارجز اور 56 یونین کونسل انچارجز کریں گے۔
گجرات میں قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز: لاکھوں بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف
محکمہ پولیس اور موٹر وے پولیس کی جانب سے سکیورٹی اور فیلڈ ٹیموں کی معاونت کے لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ مہم کو بلا رکاوٹ کامیاب بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ چار روزہ مہم کے دوران مقررہ ہدف ہر صورت مکمل کیا جائے اور ضلع کا کوئی بھی بچہ ویکسینیشن سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام وسائل بروئے کار لا کر مہم کو سو فیصد کامیاب بنایا جائے۔
