دنیا کی معروف کرپٹو کرنسی Bitcoin کے پراسرار بانی کی شناخت ایک بار پھر موضوع بحث بن گئی ہے، جہاں ایک نئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس راز سے پردہ اٹھا لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق Adam Back کو بٹ کوائن کے خالق Satoshi Nakamoto قرار دیا گیا ہے، تاہم ایڈم بیک نے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان اور ساتوشی کے تحریری انداز میں مماثلت محض اتفاق ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ برسوں سے ساتوشی ناکاموٹو کی اصل شناخت ایک معمہ بنی ہوئی ہے اور مختلف ادوار میں کئی افراد کو اس کے ساتھ منسلک کیا جاتا رہا، مگر کوئی بھی دعویٰ ثابت نہیں ہو سکا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ایڈم بیک کی تحریری طرز اور تکنیکی پس منظر بٹ کوائن کے بانی سے کافی حد تک ملتا جلتا ہے۔ بٹ کوائن کے ابتدائی دستاویزات، خصوصاً وائٹ پیپر، میں ایسے کئی اشارے موجود ہیں جنہیں اس دعوے کی بنیاد بنایا گیا۔
تاریخ میں پہلی بار بٹ کوائن کی قدر ایک لاکھ 25 ہزار ڈالر سے تجاوز کر گئی
دوسری جانب ایڈم بیک نے سوشل میڈیا پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ کرپٹوگرافی کے شعبے سے وابستہ افراد عموماً ایک جیسی اصطلاحات اور انداز استعمال کرتے ہیں، اس لیے یہ مماثلت کوئی غیر معمولی بات نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ 1990 کی دہائی سے کرپٹوگرافی کے میدان میں سرگرم ہیں اور اس ٹیکنالوجی کے مثبت اثرات پر کام کرتے رہے ہیں، تاہم وہ بٹ کوائن کے خالق نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ ساتوشی ناکاموٹو نے 2008 میں بٹ کوائن کا وائٹ پیپر جاری کیا تھا اور 2009 میں اس کا عملی آغاز ہوا، مگر 2011 میں اچانک منظر عام سے غائب ہونے کے بعد سے ان کی شناخت ٹیکنالوجی کی دنیا کا سب سے بڑا راز بنی ہوئی ہے۔
