عظمیٰ بخاری نے ریشم اوردیدار کے درمیان جاری تنازع میں مداخلت کرتے ہوئے ریشم کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب دیدار نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں ریشم کے فلاحی کاموں پر تنقید کرتے ہوئے ان پر منفی الزامات عائد کیے۔ اس کے جواب میں ریشم نے بھی ایک انٹرویو میں بغیر نام لیے دیدار کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
اب اس لفظی جنگ میں عظمیٰ بخاری بھی میدان میں آ گئی ہیں۔ ان کا ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ تھیٹر سے وابستہ ایک اداکارہ کی جانب سے فلم اسٹار کے بارے میں غیر مناسب اور اخلاق سے گری ہوئی گفتگو افسوسناک ہے۔
اداکارہ ریشم کا دیدار پر سخت ردعمل، “تنقید کرنے والوں کی اپنی کوئی پہچان نہیں”
انہوں نے واضح کیا کہ اس طرح کے بیانات نہ صرف فنکار برادری بلکہ معاشرتی اقدار کے لیے بھی نقصان دہ ہوتے ہیں۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق تنقید میں شائستگی اور حدود کا خیال رکھنا ضروری ہے، خاص طور پر جب بات عوامی شخصیات کی ہو۔
یہ تنازع سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث ہے، جہاں صارفین مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ فنکار برادری میں بھی اس پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
