چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پی ایس ایل 11 کے شیڈول میں تبدیلی پر شائقین کرکٹ سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک و قوم کا مفاد ہمیشہ اولین ترجیح ہوتا ہے۔ انہوں نے اس فیصلے کو موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں ناگزیر قرار دیا۔
لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل 11 کی تمام ٹیموں کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر لیگ کی ٹرافی کی رونمائی کے ساتھ ساتھ پی ایس ایل 11 کا آفیشل ترانہ بھی پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وہ شائقین سے دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہیں، تاہم وسیع تر قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کی قربانی مستقبل میں بہتری اور آسانی کا سبب بنے گی۔
پی ایس ایل 11 شیڈول کے مطابق 26 مارچ سے شروع ہوگی، میچز تماشائیوں کے بغیر کرانے کا فیصلہ
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سپر لیگ اب ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ برانڈ بن چکی ہے اور بورڈ اسے مزید ترقی دینے کے لیے پرعزم ہے۔
تقریب میں مختلف وفاقی و صوبائی شخصیات، فرنچائز مالکان، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور بین الاقوامی کرکٹرز نے بھی شرکت کی، جس سے ایونٹ کی اہمیت اور مقبولیت کا اندازہ ہوتا ہے۔
