ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی جانب سے ایران کی حمایت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اور صہیونی جارحیت کے مقابلے میں پاکستانی حکومت اور عوام نے ایران کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اردو زبان میں جاری اپنے بیان میں کہا کہ روحانی اور بابرکت دنوں میں حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کے تعاون اور حمایت پر وہ تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
عباس عراقچی نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے ملنے والی حمایت پر دل کی گہرائیوں سے تشکر کا اظہار کرتے ہیں۔
امریکا جنگ میں شدت چاہتا ہے تو ایران بھی طویل مقابلے کے لیے تیار ہے: عباس عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ پر کامل توکل کے ساتھ ایران اپنی حاکمیت اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مضبوطی سے کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران ہر قسم کی جارحیت کے خلاف ثابت قدمی اور استقامت کے ساتھ کھڑا رہے گا اور اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔
