امریکی بحریہ نے شپنگ انڈسٹری کی مسلسل درخواستوں کے باوجود آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کو فوجی سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کر لی ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق موجودہ حالات میں امریکی بحریہ اس اہم سمندری گزرگاہ میں جہازوں کو تحفظ دینے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے ممکنہ حملوں کے خدشات کے باعث امریکی بحریہ نے فی الحال تجارتی جہازوں کے لیے بحری اسکواڈ فراہم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس صورتحال کے باعث خطے میں سفر کرنے والی شپنگ اور تیل بردار کمپنیوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے شپنگ انڈسٹری کی جانب سے تقریباً روزانہ بحری جہازوں کو تحفظ دینے کے لیے بحری اسکواڈ فراہم کرنے کی درخواستیں کی جا رہی تھیں، تاہم امریکی بحریہ نے ان مطالبات کو مسترد کر دیا۔
آبنائے ہرمز میں ایرانی کشتیوں پر امریکی کارروائی، 10 جہاز تباہ کرنے کا ٹرمپ کا دعویٰ
ذرائع کے مطابق امریکی بحریہ نے شپنگ اور تیل کمپنیوں کے ساتھ ہونے والی بریفنگز میں واضح کیا کہ موجودہ سکیورٹی حالات کے باعث جہازوں کے ساتھ بحری اسکواڈ تعینات کرنا ممکن نہیں ہے۔
یہ صورتحال امریکی صدر ٹرمپ کے اس بیان سے مختلف دکھائی دیتی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر امریکا تجارتی جہازوں کو بحری تحفظ فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
