مختلف مذہبی جماعتوں کی جانب سے ایران پر حملے کے خلاف ممکنہ احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
شہر کے داخلی راستوں اور ریڈزون کے گرد حفاظتی اقدامات کو مزید بڑھا دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ریڈزون کی طرف جانے کے لیے صرف دو راستے کھلے رہیں گے، جبکہ دیگر داخلی راستے بند رہیں گے۔ صورتحال سے نمٹنے کے لیے 2000 سے زائد پولیس اور ٹریفک اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور ریڈزون کے اندر انٹی رائٹس فورس بھی موجود ہے۔ شہر میں دفعہ 144 پہلے سے نافذ ہے تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔
ٹریفک کے حوالے سے انتظامات کے مطابق
ریڈزون میں داخلے کے لیے مارگلہ روڈ اور میریٹ ہوٹل کے راستے کھلے رہیں گے۔
کلثوم پلازہ سے فضل حق روڈ کی جانب چائنہ چوک کے لیے ٹریفک بند رہے گی۔
پولی کلینک سے لال کوارٹر چوک تک کے راستے بند رہیں گے، شہری جی سکس سے ایف سکس جانے کے لیے چائنہ چوک انڈر پاس یا سیونتھ ایونیو سے جناح ایونیو استعمال کریں۔
آبپارہ چوک سے سہروردی کی جانب سرینہ ہوٹل جانے والے راستوں کے لیے ڈائیورشن ہوگا۔
کلب روڈ سے آنے والے شہری کشمیر چوک سے سری نگر ہائی وے اور سیونتھ ایونیو یا مارگلہ روڈ استعمال کریں۔
بھارہ کہو سے آنے والے شہری بھی کشمیر چوک کے ذریعے سری نگر ہائی وے، سیونتھ ایونیو اور مارگلہ روڈ استعمال کر سکتے ہیں۔
یہ اقدامات ممکنہ احتجاج کے دوران شہریوں اور عوامی مقامات کی حفاظت کے لیے کیے گئے ہیں۔
