امریکی فوج کے مرکزی کمانڈ ہیڈکوارٹر سینٹکام نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی میں 6 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ بیان کے مطابق ایران کے ابتدائی حملوں میں مارے جانے والے مزید دو اہلکاروں کی لاشیں بھی نکال لی گئی ہیں۔
سینٹکام کا کہنا ہے کہ تین امریکی لڑاکا طیارے کویت میں گر کر تباہ ہوئے، جبکہ امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ خلیج عمان میں موجود تمام ایرانی جہازوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی دعوؤں کے بعد سخت ردِعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے اور کسی بھی جہاز نے گزرنے کی کوشش کی تو اسے تباہ کر دیا جائے گا۔ پاسداران نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکا سے منسلک ایک تیل بردار جہاز کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی قیادت کے خاتمے کے بعد کی حکمتِ عملی غیر واضح، ٹرمپ پر امریکی میڈیا کی تنقید
ایرانی ہلال احمر کے مطابق ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 555 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ 131 شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔
ادھر امریکی وزیر خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ ایران پر مزید سخت حملے بھی کیے جا سکتے ہیں۔
خطے میں تیزی سے بدلتی صورتحال کے باعث عالمی برادری میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے اور توانائی کی عالمی ترسیل پر ممکنہ اثرات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
