جہلم کے شاندار چوک سے ملحقہ تحصیل روڈ پر جاری تزئین و آرائش کے کام نے مقامی دکانداروں اور شہریوں کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے سے تحصیل روڈ کی بندش کے باعث شہریوں کی آمدورفت معطل ہو چکی ہے جبکہ ملحقہ بازاروں میں کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
میونسپل کمیٹی کی دکانوں کو خوبصورت اور جدید انداز دینے کے لیے انتظامیہ نے دکانوں کے سامنے نئے ڈیزائن کے شیڈز کی تعمیر شروع کر رکھی ہے۔ تعمیراتی کام کے دوران توڑ پھوڑ کے باعث پانی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے، جس سے نہ صرف تاجروں بلکہ اردگرد کے مکینوں کو بھی اضافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سڑک کی بندش کے سبب گاہکوں کی آمد نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے اور بیشتر دکانوں پر کاروبار مکمل طور پر ٹھپ ہو چکا ہے۔ مقامی تاجروں کا کہنا ہے کہ عیدالفطر سے قبل تزئین و آرائش کا کام شروع کیے جانے سے ان کے مسائل میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ تاجروں کے مطابق وہ ماہانہ لاکھوں روپے کرایہ، بجلی کے بھاری بل اور ملازمین کی تنخواہیں ادا کرتے ہیں، تاہم موجودہ صورتحال میں آمدن نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔
شہریوں اور کاروباری حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیدار کو کام کی رفتار تیز کرنے کا پابند بنائیں تاکہ تحصیل روڈ کو جلد از جلد ٹریفک کے لیے کھولا جا سکے اور دکاندار اپنا کاروبار بحال کر کے اپنے اہل خانہ کے لیے روزی روٹی کما سکیں۔
