وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے واضح کیا ہے کہ قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پاکستان کے ایک ایک انچ کا دفاع ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے پاک افغان سرحد پر حالیہ اشتعال انگیزی اور بیرونی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سرحدی علاقوں کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی سرحدی علاقوں کے امن و استحکام پر اثر انداز ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پاک افغان کشیدگی کے تناظر میں متعلقہ وفاقی اور سیکیورٹی اداروں سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرحدی اضلاع کے عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
آپریشن ’غضب للحق‘ جاری، 274 دشمن اہلکار ہلاک: ڈی جی آئی ایس پی آر
سہیل آفریدی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ رہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سرحدی علاقوں کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
